پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی 22مئی کو کھیلا جائے گا، ٹکٹوں کی فروخت شروع ، ٹیم کا اعلان سوموار کو ہو گا
لاہور (92نیوز) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ بائیس مئی بروز جمعة المبارک قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ابتدائی دو ٹی ٹونٹی میچز کی ٹکٹیں لاہور کی مقامی بیکری پر دو سو پچاس سے پندرہ سو روپے تک فروخت کی جا رہی ہیں۔ ٹکٹیں خریدنے کے لیے کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد بیکریوں پر پہنچ گئی ہے۔
شائقین کا کہنا ہے کہ زمبابوے ٹیم کا دورہ پاکستان ان کے لیے بہت بڑی خوشخبری ہے۔ دوسری طرف ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ زمبابوے ٹیم کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے گی۔
زمبابوے کرکٹ ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے دوران ٹوٹل پانچ میچز کھیلے گی جن میں دو ٹی ٹونٹی جبکہ تین ون ڈے شامل ہیں۔ ٹیم کا اعلان سوموار کو کیا جائے گا۔