Thursday, September 19, 2024

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ آج کھیلا جائیگا

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ آج کھیلا جائیگا
September 29, 2015

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا دوسرا میچ آج ہرارے میں کھیلا جائے گا۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہو گا۔ پہلے میچ میں متاثر کن کارکردگی پیش نہ کرنے کے باوجود پاکستان کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دو میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے تیرہ رنز سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ زمبابوے کے خلاف پاکستان کے اب تک ناقابل شکست ریکارڈ کی بدولت پاکستان کو دوسرے میچ کے لیے بھی فیورٹ سمجھا جا رہا ہے۔

پہلے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن کی کارکردگی متاثر کن نہ رہی۔ شعیب ملک اور محمد رضوان کے سوا کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا تاہم عمدہ پاکستانی باولنگ نے بلے بازوں کی خامیوں پر پردہ ڈال دیا۔

مین آف دی میچ عماد وسیم کی چار جبکہ سہیل تنویر اور وہاب ریاض کی ایک ایک وکٹ نے پاکستان کی ممکنہ شکست کو فتح میں بدل دیا۔

مختار احمد، صہیب مقصود، عمر اکمل اور عمران جونیئر کے ساتھ ساتھ کپتان شاہد آفریدی بھی کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ دوسرے ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم میں ایک یا دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔