پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں آج پہلے ون ڈے میچ میں ٹکرائیں گی
لاہور (92نیوز) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ ہرارے میں کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ساڑھے بارہ بجے شروع ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ٹونٹی سیریز میں فتح کے بعد گرین شرٹس نے ون ڈے سیریز پر نظریں جما لیں۔ قومی ٹیم اظہر علی کی قیادت میں آج ہرارے کے میدان میں اترے گی۔
اظہر علی زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز اور سری لنکا میں سیریز جیتنے کاتسلسل جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہیں سینئرز کے علاوہ باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہو گا۔
شاہینوں کے حوصلے بلند ہیں تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ ون ڈے فارمیٹ میں زمبابوے کی ٹیم سخت حریف ثابت ہو گی۔
دونوں ٹیمیں اکیاون ون ڈے میچز میں مد مقابل آ چکی ہیں جن میں پینتالیس فتوحات کے ساتھ پاکستان کا پلڑا بھاری ہے۔