پاکستان اور بھارت بندوق کے استعمال کے بجائے مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں: بان کی مون

نیو یارک (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کنٹرول لائن پر بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی پر اظہار تشویش کیا ہے۔ کہتے ہیں دونوں ممالک مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔
انہوں نے تشدد کے نتیجے میں کنٹرول لائن کے دونوں جانب ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مارے جانیوالے افراد کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا اور دونوں ممالک کی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ ضبط وتحمل سے کام لیں اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ بندوق کے استعمال کے بجائے اختلافات مذاکرات سے طے کریں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کی تئیس اور چوبیس اگست کو نئی دہلی میں مجوزہ ملاقات کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ملاقات کا مثبت نتیجہ برآمد ہو گا۔