کراچی: (92 نیوز) انگلینڈ کیخلاف سیریز کا پاکستان کیلئے بہت زیادہ اہم ہے، قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ شکست کے بعد تبدیلیاں کرنا آسان ہے لیکن آگے جانا ہے تو کھلاڑیوں کو کم بیک کرنا ہوگا،کھلاڑیوں کیلئے فٹنس ضروری ہے۔
انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کیخلاف ٹیسٹ سیریز کا چیلنج، پاکستان کرکٹ ٹیم کل ملتان میں ڈیرے ڈالے گی، انگلش ٹیم 2 اکتوبر کو ملتان پہنچے گی۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے انگلینڈ کیخلاف سیریز کو اہم قرار دے دیا ہے، کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، کھلاڑیوں کو بنگلا دیش سے شکست پر افسوس ہے۔
شان مسعود نے کھلاڑیوں کی فٹنس کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ون ڈے کپ سے اچھی تیاری ہوئی، بہتر ٹیسٹ ٹیم بنانے کیلئے کھلاڑیوں کی فزیکل اور مینٹل فٹنس دنیا کی دوسری ٹیمز کی طرح ہونی چاہیے۔
ریڈ بال کپتان کا کہنا تھا کہ عامر جمال انجری سے واپس آ رہے ہیں، کھلاڑیوں کی فٹنس کو دیکھتے ہوئے فی الحال ایک ٹیسٹ کے لیے ٹیم بنائی ہے، رضوان کے بعد اگر کوئی وکٹ کیپر ہے تو وہ سرفراز ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ملتان میں 7 اکتوبر سے شروع ہوگا۔