لاہور (92نیوز) پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ شدید زلزلے سے کئی مکانات اور عمارتیں گر گئیں جس سے 228 افراد جاں بحق جبکہ سیکڑوں زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق آج دوپہر 2بجے کے بعد پاکستان کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 8.1 ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد‘ آزادکشمیر‘ راولپنڈی‘ لاہور‘ پشاور‘ کوہاٹ‘ خیبرایجنسی‘ مالاکنڈ‘ خیرپور‘ بھکر‘ قصور‘ نارووال‘ سرگودھا‘ چیچہ وطنی‘ چکوال‘ مستونگ‘ قلات‘ خضدار اور دیگر شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ زلزلے کی صورت میں نازل ہونے والی آفت سے موبائل فون ٹاورز کو شدید نقصان پہنچا جس سے موبائل فون سروس معطل ہو گئی۔
زلزلے سے کئی عمارتوں اور مکانوں کی دیواڑوں میں دراڑیں پڑ گئی جبکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی عمارت بھی متاثر ہوئی ہے ۔ پاکستانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا علاقہ ہے اور اس کی گہرائی 193کلومیٹرتھی۔ کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے جوانوں کو متاثرہ علاقوں میں پہنچنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ 10سال قبل 2005ءکو اسی ماہ کی 8تاریخ کو خوفناک زلزلہ آیا تھا جس سے سیکڑوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔