Wednesday, January 19, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

پاکستان اسٹیل ملز پر واجبات 178ارب روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے

پاکستان اسٹیل ملز پر واجبات 178ارب روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے
December 26, 2016

اسلام آباد (92نیوز) مشکلات میں گھری پاکستان اسٹیل ملز پر واجبات 178ارب روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے ہیں۔ اسٹیل ملز نیشنل بینک کی 50 ارب اور وفاقی حکومت کی 40 ارب روپے کی مقروض ہوگئی ہے۔ اسٹیل مل روزانہ ڈھائی کروڑ روپے کانقصان کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز شدید مالی مشکلات کا شکار ہے جس پرواجبات اور قرضے مسلسل بڑھتے جارہے ہیں۔ سرکاری دستاویز کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز پر مجموعی واجبات کا حجم 178ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جس کے تحت اسٹیل ملزنے نیشنل بینک کو قرض کی مد میں 36ارب 36کروڑ اور قرض پر سود کی مد میں 14ارب 20کروڑ روپے ادا کرنے ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے واجبات 39ارب47کروڑ روپے ہوگئے ہیں۔

پاکستان اسٹیل ملز پر اپنے ملازمین کے واجبات50ارب روپے سے بڑھ گئے ہیں جس کے تحت ملازمین کو پراویڈنڈ فنڈ کی مد میں 22ارب 44کروڑ، گریجویٹی 18ارب 72کروڑ، لیو ان کیش منٹ 4ارب 16کروڑ اور تنخواہوںکی مد میں 4ارب 69کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔

سرکاری دستاویز کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز نے گیس بلوں کی مد میں 19ارب 52کروڑ، واٹر چارجز 90کروڑ، کے الیکٹرک 42کروڑ اورمیڈیکل اخراجات کی مد میں 41کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی جولائی تا ستمبر کے دوران پاکستان اسٹیل ملز کے نقصانات 4ارب روپے سے زائد رہے۔

وزارت صنعت و پیداوار کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیل روزانہ ڈھائی کروڑ روپے نقصان کررہی ہے مگر حکومت اس کا کوئی فیصلہ نہیں کررہی کیونکہ اس کا خریدار کوئی نہیں ہے۔