Tuesday, November 29, 2022

پاکستانی ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کا شیڈول جاری

پاکستانی ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کا شیڈول جاری

لاہور (92نیوز) ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کیساتھ سیریز کا شیڈول جاری کر دیا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم 27 مارچ سے 14 مئی تک ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی جس کے دوران تین ٹیسٹ میچ، تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورہ ویسٹ انڈیز کا آ غاز 31 مارچ کو کوئینز پارک اوول میں پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے ہو گا ۔ اسی گراونڈ میں 2اپریل کو دوسرا ٹی ٹونٹی میچ کھیلا جائے گا ۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ سات اپریل کو گھیانا نیشنل اسٹیڈیم میں جبکہ دوسرا میچ نو اور تیسرا گیارہ اپریل کو اسی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 22 اپریل کو سبینا پارک، دوسرا تاریخی کنسگٹن اوول گرائونڈ میں 30 اپریل اورآخری ٹیسٹ میچ 10مئی کو اسی گراونڈ میں کھیلا جائے گا۔

دوسری طرف دونوں بورڈز کے درمیان 2 ٹی ٹونٹی میچز لاہور اور دو فلوریڈا میں کھیلنے کیلئے بات چیت جاری ہے جس کے لئے ویسٹ انڈیز کا سکیورٹی وفد آئی سی سی کی کرکٹ بحالی کمیٹی کے سربراہ جائلز کلارک کے ہمراہ 27 جنوری کو جائزہ لینے کے لئے لاہور آئے گا ۔