اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف آفیسر (پی ایس او) لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ اور نیول چیف سے ملاقات بھی کی۔
بنگلہ دیشی پی ایس او لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
افسران کی ملاقات کے دوران دونوں بحری افواج کے درمیان تربیت، دو طرفہ دوروں اور بحری مشقوں کے انعقاد سمیت تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ریاست ہے تو سیاست ہے: آرمی چیف کا دہشتگردی کیخلاف یکجا ہونے کا پیغام
نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
معزز مہمان نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا۔ بنگلہ دیشی پرنسپل اسٹاف آفیسر کا حالیہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات اور مسلح افواج کے باہمی تعاون کو مزید فروغ اور وسعت دے گا۔