Saturday, December 2, 2023

پاکستانی مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے جنگ زدہ علاقوں میں سفر سے گریز کریں: دفترخارجہ

پاکستانی مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے جنگ زدہ علاقوں میں سفر سے گریز کریں: دفترخارجہ
August 27, 2015
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان نے اپنے شہریوں کو مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک کے جنگ زدہ علاقوں کے سفر سے روک دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے داو¿د ابراہیم پاکستان میں نہیں، وزیر اعظم نواز شریف رواں برس امریکا جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اپنے شہریوں کو مشرق وسطی اور افریقا کے شورس زدہ علاقوں میں جانے سے روک دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کو پاکستان میں بھارتی مداخلت کے متعلق بین الاقوامی برادری کو آگاہ کرنے کی ہدایات دیدی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستانی شہری مشرق وسطی اور افریقہ کے ان ممالک میں جانے سے گریز کریں جہاں پر جنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات کی منسوخی کے حوالے سے مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کو آگاہ کردیا ہے۔ پاکستانی سفیروں کو بھارت کی پاکستان میں مداخلت کے متعلق بین الاقوامی برادری کو آگاہ کرنے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ افغانستان میں پاکستانی سفارتی عملے کی سلامتی کو درپیش خطرات کے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں تعینات سفارتی عملے کی حفاظت افغانستان کی ذمہ داری ہے۔اس حوالے سے افغان حکومت سے رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی طرف سے پاکستان پر منفی الزامات پر افغان حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔