پاکستانی تاریخ کے سب سے تباہ کن زلزلے کو 10 برس بیت گئے‘ 73ہزار جانیں گئیں‘ لاکھوں زخمی ہوئے
اسلام آباد (92نیوز) آٹھ اکتوبر دو ہزار پانچ کو آزادکشمیر اور خیبرپختونخوا پر ٹوٹنے والی قیامت کو آج دس سال گزر گئے۔ آٹھ اکتوبر دو ہزار پانچ کوصبح آٹھ بج کر باون منٹ پر آنیوالے خوفناک زلزلے نے ہر طرف تباہی مچا دی۔
لاکھوں مکان ایک ہی لمحے میں زمین بوس ہو گئے۔ ہزاروں افراد جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہوگئے۔ نہ صرف آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی بلکہ اسلام آباد کا مارگلہ ٹاور بھی اپنے ساتھ تہتر جانیں نگل گیا۔ قدرتی آفت نے جو تباہی مچائی وہ اپنی جگہ لیکن افسوس اس بات کا کہ دس سال گزر جانے کے باوجود بھی حکومت کچھ نہ کر سکی۔
ایک دہائی کے بعد بھی بنیادی انفرا سٹراکچر مکمل نہیں ہو سکا۔ دوسری جانب حکومت نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے 70 فیصد منصوبے مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 10 سال گزر گئے بالاکوٹ میں موت کے منہ پر بیٹھے لاکھوں شہری نیوبالاکوٹ سٹی منتقل نہ کئے جا سکے۔
جہا ں شہر آباد ہونا تھا وہاں دھول اڑ رہی ہے۔ واضح رہے کہ 2005ءمیں آنے والے زلزلے سے 73ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے اور 1 لاکھ 28ہزار زخمی ہو ئے جبکہ 6لاکھ گھر‘ 5 ہزارتعلیمی ادارے‘ 3سو ہسپتال‘ 7سو سے زائد سرکاری عمارتیں‘ 2 ہزار کلو میٹر سڑکیں اور 92 پل تباہ ہوگئے تھے۔