علیم ڈار کا ایک اور اعزاز !! ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کی سنچری سکور کر ڈالی

لاہور (92نیوز) پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے والے کرکٹ امپائر علیم ڈار نے آج ایک اور تاریخ رقم کر دی۔ آج کیرئیر کے 100ویں ٹیسٹ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار کو کرکٹ حلقوں نے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بہترین فیصلوں سے پہچانے جانے والے علیم ڈار آج کیرئیر کے 100ویں ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ امپائرنگ میں پاکستان کی پہچان بننے والے علیم ڈار کو آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل کیا گیا ہے۔
انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے آج ہونے والے ٹیسٹ میچ میں بطور امپائر شامل ہونے کی وجہ سے وہ سٹیو بکنر اور روڈی کوئرٹزن جیسے عظیم امپائروں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
علیم ڈار سوویں ٹیسٹ کے علاوہ ایک سو انہتر ون ڈے اور پینتیس ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں بھی امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں جبکہ دو ہزار نو سے مسلسل تین سال تک آئی سی سی امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈبھی جیت چکے ہیں۔