Saturday, February 4, 2023

پاکستان،بھارت کے مابین کشیدگی کم کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں ، چین

پاکستان،بھارت کے مابین کشیدگی کم کرنے  کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں ، چین
بیجنگ ( 92 نیوز)پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئےچین میدان  میں اترآیا ،چین کی  وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ کاکہناہےکہ وہ  پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کم کرنے اور  تعلقات بہتر بنانے کی خاطر مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ چین نے جنوبی ایشیا کے اہم ترین ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی حمایت کردی ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ کاکہناہےکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات خطے کے امن اور استحکام کیلئے بہت ضروری ہے ۔ مسٹر لو کانگ کاکہناتھاکہ دونوں ممالک کے سربراہان کی جانب سےدونوں ممالک کے درمیان امن کے قیام سے متعلق بیانات بہت مثبت ہیں اور چین بطور ہمسایہ ملک دونوں ممالک کے بیانات کا خیرمقدم کرتاہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ  چین ،دونوں ممالک میں  مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے، باہمی اعتماد کو فروغ دینے اور اختلافات ختم کرنے کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ بیس اگست کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا گیا تھا  جس میں دونوں ممالک کے درمیان مسائل پر مل بیٹھ کر بات چیت کا ذکر بھی کیاگیاتھا ۔