پانچ ممالک سے متصل افغان سرحدی چوکیوں پر طالبان کا قبضہ
کابل (92 نیوز) پانچ ممالک سے متصل افغان سرحدی چوکیوں پر طالبان کا قبضہ ہو گیا۔
طالبان افغانستان کے مزید کئی علاقوں پر قابض ہو گئے ۔ پانچ ممالک سے متصل افغانستان کی سرحدی چوکیاں طالبان کے قبضے میں آگئیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق تاجکستان ، ترکمانستان ، چین ، ایران سے متصل افغانستان کی سرحدی چوکیوں پر اس وقت طالبان کا قبضہ ہے۔ مغربی افغانستان کے مرکزی اضلاع پر بھی طالبان کا کنٹرول ہے۔ برات میں ایران اور افغانستان کو ملانے والی اہم شاہراہ پر بھی طالبان قابض ہیں۔
صوبہ غزنی میں طالبان اور سکیورٹی فورسز میں شدید لڑائی کی اطلاعات ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے علاقے کی مختلف عمارتوں پر اپنا پرچم لہرا دیا ہے۔ افغان فورسز کی جوابی کارروائی سے طالبان کئی علاقوں سے پسپا بھی ہوئے۔
ادھر طالبان کا ایک وفد ماسکو پہنچا جہاں اس نے روسی حکام کو روس کی سرحدوں پر مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق طالبان نے روسی سرحدی حدود اور وسطی ایشیا میں روس کے اتحادیوں کو کوئی خطرہ نہ ہونے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
طالبان نے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان زامیر کابلوف سے ملاقات کی۔ روسی خصوصی نمائندے نے طالبان کے وفد کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ کسی قسم کی سرحدی حدود کی پامالی نہیں کریں گے۔