Saturday, July 27, 2024

پانچ برس کا افتخاربھارت سے پاکستان پہنچ گیا

پانچ برس کا افتخاربھارت سے پاکستان پہنچ گیا
February 4, 2017
لاہور(92نیوز)ممتا جیت گئی ، ہٹ دھر م سوتیلے باپ کو ملی رسوائی گیارہ ماہ تک اپنے لخت جگر کےلئے تڑپنے والی ماں کا انتظار ختم ہو گیا ۔ پانچ سالہ افتخار بھارت سے واپس پاکستان پہنچ گیا افتخار کو گزشتہ سال اس کا سوتیلاباپ زبردستی اپنے ساتھ مقبوضہ کشمیر لے گیاتھا پاکستانی ہائی کمیشن نے بچے کی واپسی کےلئے انتھک محنت کی، بچہ جیسے ہی واہگہ بارڈر پہنچا  ماں نے زمین پر بیٹھ کر اس کو گلے لگالیا۔ تفصیلات کےمطابق ممتا کی ماری کا صبر رنگ لایا اور وہ واپس آگیا نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں نے 11ماہ بعد بیٹے کو اس کی ماں سے ملوادیاپانچ سالہ افتخار کو مارچ 2016ءمیں اس کا سوتیلا باپ جبراً اپنے ساتھ مقبوضہ کشمیر لے گیا۔۔ماں تڑپتی رہی پر سوتیلے باپ کو ذرا ترس نہ آیا۔آخر کار روحینہ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے معاملہ اٹھایا جس نے عدالت اور بھارتی حکام کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ بھارتی عدالت نے تو پچھلے سال مئی میں ہی بچے کو پاکستانی ثابت ہونے پرماں کے حوالے کرنے کافیصلہ سنایا لیکن بھارتی حکام نے سنجیدہ رویہ نہ اپنایااورفیصلے پر عملدرآمد کےلئے 8ماہ کا لمبا عر صہ لگایا اب روحینہ کا لمبا انتظار ختم ہوگیا کیونکہ اس کا بچہ واپس پہنچ گیا۔ ترجمان ہائی کمیشن خواجہ معاذ کہتے ہیں افتخار کو سوتیلا باپ جبراً مقبوضہ کشمیر لے کر گیا اس کی واپسی کے تمام اخراجات پاکستانی ہائی کمیشن نے برداشت کئے۔۔دوسری جانب 92نیوزسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کاکہنا تھا کہ ہائی کمیشن اس معاملے پر ایک سال سے بھارتی حکام کے ساتھ رابطے میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ غلطی سےسرحد پارکرنے والے دیگر 5بچوں کی واپسی کیلئے بھی بھارتی حکام سے رابطے میں ہیں۔ ان کا معاملہ بھی جلدی حل کرلیا جائے گا۔