Wednesday, January 19, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

پانامہ لیکس کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ کی تقرری کیلئے اجلاس

پانامہ لیکس کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ کی تقرری کیلئے اجلاس
April 6, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) پاناما لیکس پر تحقیقات کرنے والے جوڈیشل انکوائری کمیشن کے قیام کے لئے وزارت قانون میں اہم اجلاس ہوا۔ پاناما پیپرز میں لیک ہونے والے انکشافات اور الزامات کی تحقیقات کون کرے گا، جوڈیشل کمیشن کب بنے گا اور سربراہ کون ہو گا، انہی اہم معاملات پر غور کے لیے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کی سربراہی میں وزارت قانون میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری قانون اور وزیراعظم کے مشیر خصوصی برائے قانون نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاناما لیکس کے حوالے سے انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے گا، جس کے سربراہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج ہوں گے جبکہ کمیشن ایک یا زائد ممبران پر مبنی ہو سکتا ہے اور اس کمیشن کیلئے منتخب کئے جانے والے ججوں کے ناموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیشن کے لیے غیرجانبدارانہ ساکھ رکھنے والے ججز کو ترجیح دی گئی ہے۔ وزارت قانون نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کی جانب سے ایک نام وزیراعظم کو منظوری کیلئے بھجوایا جائے گا اور اس کی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ یہ انکوائری کمیشن ترجیحی بنیادوں پر پینتالیس دن میں انکوائری مکمل کر سکتا ہے تاہم تحقیقات کب مکمل ہونی ہیں اس کی مدت کا تعین انکوائری کمیشن کا سربراہ کرے گا۔ یہ کمیشن انکوائری کے لیے کسی بھی متعلقہ شخص کو سمن کر کے طلب کر سکے گا جبکہ اہم ریکارڈ کی طلبی بھی کمیشن کے اختیار میں ہو گی۔