Saturday, July 27, 2024

پانامہ لیکس پر کارروائی میں تاخیر پاکستان سے بے وفائی ہے: سراج الحق

پانامہ لیکس پر کارروائی میں تاخیر پاکستان سے بے وفائی ہے: سراج الحق
May 10, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پانامہ لیکس پر کارروائی میں تاخیر پاکستان سے بے وفائی ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پاکستان کی عزت کا مسئلہ ہے جبکہ معاملے کی تحقیقات میں سستی ملک سے بے وفائی ہے۔ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمان کے مسئلے پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے جبکہ پاکستان کو اس معاملے کو عالمی فورم پر اٹھانا چاہیئے تاہم معاملے پر فوری آواز نہ اٹھائی گئی تو ڈر ہے کہ مطیع الرحمان کو پھانسی دے دی جائے گی۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ مطیع الرحمان اور دیگر رہنمائوں کا قصور یہ تھا کہ انہوں نے پاک فوج اور پاکستان کا ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور تمام وزراء اس معاملے پر اپنی ذمہ داری پوری کریں۔