Saturday, July 27, 2024

پاناما کا فیصلہ: 1000 سے زائد اہلکار سیکورٹی فرائض سر انجام دیں گے 

پاناما کا فیصلہ: 1000 سے زائد اہلکار سیکورٹی فرائض سر انجام دیں گے 
April 20, 2017
اسلام آباد (92 نیوز) بڑا فیصلہ، بڑی تیاریاں، اسلام آباد پولیس نے بھی کرلیں مکمل تیاریاں، ریڈ زون ہوگا سیل۔ پولیس،ایف سی اور رینجرز سمیت ایلیٹ فورس کے 1000 سے زائد اہلکار سیکورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔ تاریخ ساز فیصلہ سننے کے لئے ہر سیاسی جماعت کو پندرہ، پندرہ پاسز جاری کر دیئے گئے۔ مختلف جماعتوں کے ممکنہ رد عمل کے پیش نظر ریڈ زون کو رکاوٹیں کھڑی کرکے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا جائے گا۔ غیر متعلقہ گاڑیوں کے ریڈ زون داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔ جسٹس صاحبان کو ججز کالونی سے سکواڈ کی صورت میں عدالت تک لایا جائے گا، ریڈ زون کے اطراف آنے والے راستوں پر ایک سو زائد ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ رجسٹرار سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں سپریم کورٹ کے گرد سیکورٹی کا سخت حصار قائم کیا جائے گا۔ تاریخ ساز فیصلہ سننے کے لئے ہر سیاسی جماعت کو پندرہ، پندرہ پاسز جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ کوئی بھی فرد بغیر سکیورٹی پاس کے عدالت داخل نہیں ہو سکے گا۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے ن لیگی کارکنوں کو شاہراہ دستور آنے سے روک دیا۔ سماعت کے موقع پر صرف اہم ن لیگی رہنما ہی کمرہ عدالت موجود ہوں گے۔ اسلام آباد میں حساس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی راستوں کا متبادل پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب احمد کے مطابق اعلی حکام سے خصوصی احکامات کی روشنی میں حتمی ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے۔