Saturday, July 27, 2024

پاناما لیکس کی دوسری قسط جاری‘ دنیا بھر میں ہلچل‘ بڑا پنڈورا باکس کھل گیا

پاناما لیکس کی دوسری قسط جاری‘ دنیا بھر میں ہلچل‘ بڑا پنڈورا باکس کھل گیا
May 10, 2016

لاہور (92نیوز) آئی سی آئی جے نے آف شور کمپنیوں کے حامل مزید افراد کی فہرست جاری کر دی۔ پاناما لیکس کا دنیا بھر میں لوگ اتنی بے تابی سے انتظار کر رہے تھے کہ جیسے ہی آف شور کمپنیوں کے نام افشا کرنے کا وقت قریب آیا ویب سائٹ ہی ڈاﺅن ہو گئی۔

آف شور کمپنیاں رکھنے والے 400 سے زائد پاکستانی بھی بے نقاب ہو گئے۔ پاکستانی آف شور کمپنیوں کے مالکان میں اسلام آباد‘ پشاور‘ گجرات کے امراءشامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کی دوسری قسط کے مطابق لاہور کے شہری 100 سے زائد آف شور کمپنیوں کے مالک نکلے۔ جاوید سیف اللہ خان کی 17 آف شور کمپنیاں ہیں۔ لاہور گلبرگ میں آف شور کمپنیوں کے مالک کی تعداد 19 ہے۔ کراچی کے 150 سے زائد شہری آف شور کمپنیاں رکھتے ہیں۔ کراچی ڈیفنس کے 56 افراد بھی آف شور کمپنیوں کے مالک ہیں۔

سیف اللہ خاندان کے سات افراد تیس سے زائد آف شور کمپنیوں کے مالک نکلے۔ آف شور کمپنیوں کے مالکان میں مونس الٰہی‘ سینیٹر طلحہ محمود‘ ثمینہ درانی‘ آفتاب لاکھانی‘ جاوید لاکھانی‘ ہمایوں خان اور زین افتخار سکھیرا کے نام شامل ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پاناما پیپرز کی دوسری قسط میں درجنوں امریکیوں کے نام بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب آف شور کمپنیوں کے مالکوں کو مسائل سے دوچار کرنے والی آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ کو خود تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیکنیکل ٹیم خرابی دور کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔