Saturday, July 27, 2024

پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے خود کو سپریم کورٹ کے سپرد کر دیا : وزیراعظم

پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے خود کو سپریم کورٹ کے سپرد کر دیا : وزیراعظم
April 30, 2016
لاہور (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس چاہیں تو جوڈیشل کمیشن کے ضوابط کار تبدیل کر لیں حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ انہوں نے اپنے اور اپنے خاندان کو پاناما تحقیقات کے لیے پیش کرتے ہوئے کہا ہنگامہ آرائی کرنے والے چاہتے ہیں وزیراعظم نظر نہ آئیں۔ لاعلاج عمران خان کا یہی علاج ہے کہ وہ باز آ جائیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنر ہاو¿س لاہور میں سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس چیف جسٹس کو بھجوا دیے گئے ہیں وہ چاہیں تو اس میں تبدیلی کر لیں اور نیا طریقہ کار وضع کر دیں۔ وزیراعظم نے خود کو تحقیقات کے لیے پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس چاہیں تو پہلے ان کے خاندان سے تحقیقات کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ مشرف سمیت ماضی کی حکومتوں نے ان کا احتساب کیا لیکن مخالفین کی تمام کوششوں کے باوجود وہ سرخرو ہوئے اور آج بھی ہم نے خود کو سپریم کورٹ کے سپرد کردیا ہے جبکہ ہنگامہ آرائی کرنے والے چاہتے ہیں کہ وزیراعظم نظر نہ آ ئیں۔ عمران خان پر تنقید کے تیر برساتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ انہیں سیاست نہیں تنقید کرنا آتی ہے۔ عمران خان کا ایک ہی علاج ہے کہ وہ باز آ جائیں۔ اس سے پہلے گورنر ہاو¿س میں ہی وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلا س ہوا۔ شرکاءسے خطاب میں انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے اور عوام انتشار پھیلانے والوں کو رد کر چکے ہیں۔ جیت عوام کی ترقی اورخوشحالی کی ہو گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ دو ہزار اٹھارہ تک ہر صورت ختم کر دی جائے گی جبکہ پنجاب میں بجلی، گیس اور انفرا سٹرکچر کے منصوبے آئندہ دو سال میں مکمل کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی بلدیاتی انتخابا ت کا آخری مرحلہ ہر صورت مئی میں مکمل کر لیا جائے گا تاکہ اقتدار حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک مکمل ہو سکے۔