Saturday, July 27, 2024

پاناما لیکس : چیف جسٹس کے انکار پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز

پاناما لیکس : چیف جسٹس کے انکار پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز
April 20, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ کو ٹیلی فون کر کے مشاورت کی ہے۔ ٹیلیفونک رابطے کی اندورنی کہانی 92 نیوز نے حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کے انکشافات پر تحقیقات کے معاملے پر مشاورت کیلئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور اپوزیشن لیڈ ر خورشیدشاہ میں ٹیلی فونک رابطہ ہواہے۔ ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماوں نے پاناما لیکس تحقیقات سے متعلق مشاورت کی۔ اس موقع پر خورشید کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت عدالتی کمیشن کے قیام کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھے۔ فرانزک آڈیٹر اس کمیشن کے ٹی او آرز کی بنیاد ہو۔ خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر چیف جسٹس انکار کر دیں تو پھر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ آپ کے کراچی والے بیان سے کنفیوژڈ تھے اس لئے آپ کا موقف جاننا چاہتے تھے۔ حکومت مشاورت کر کے فیصلہ سے آگاہ کرے گی۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے خورشیدشاہ سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ تحقیقاتی کمیشن کیلئے چیف جسٹس انکار کرچکے ہیں جس پر خورشیدشاہ نے تجویز دی اگر چیف جسٹس نہیں مانتے تو پارلیمانی کمیٹی والا دوسرا آپشن استعمال کیا جائے۔