Saturday, July 27, 2024

پاناما لیکس پر چیف جسٹس کے بغیر کوئی کمیشن قبول نہیں : عمران خان

پاناما لیکس پر چیف جسٹس کے بغیر کوئی کمیشن قبول نہیں : عمران خان
April 14, 2016
لاہور (92نیوز) عمران خان نے پاناما لیکس معاملے پر چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی کے بغیر کسی بھی کمیشن کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک لوٹنے والے پھنس چکے ہیں اور ان لوگوں کے احتساب کا سنہری موقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق لندن روانگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ پاناما لیکس معاملے پر حکومت کو نہیں چھوڑیں گے۔ کرپشن کے خلاف تمام جماعتیں متحد ہیں مگر اس معاملے پر جس پارٹی نے بھی ہمار ا ساتھ نہ دیا وہ ناکامی سے دوچار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا الزام حکومت پر لگا ہے اور یہ لوگ جان بچانے کے لیے الٹا اپوزیشن پر الزامات لگا رہے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکمرانوں پر منی لانڈنگ، ٹیکس انویژن‘ کرپشن، اور الیکشن کمیشن سے غلط بیانی کے چار الزامات ہیں۔ حسن نواز نے لندن میں چھ کروڑ روپے کا گھر بیچا۔ حکومت کرنے والے عیاشی کر رہے ہیں اور عوام بھوکے ننگے ہیں۔ پاناما لیکس کا معاملہ منطقی انجام تک ضرور پہنچے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ تو رائیونڈ میں مطالبات پیش کریں گے۔ نون لیگ والے جمائما کے گھر کے باہر کیا کریں گے۔ وہ وطن واپسی کے بعد چوبیس اپریل کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔