Wednesday, January 26, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

پاناما لیکس پر حکمت عملی، شاہ محمود قریشی کی پرویز الہٰی سے ملاقات

پاناما لیکس پر حکمت عملی، شاہ محمود قریشی کی پرویز الہٰی سے ملاقات
April 14, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پانامہ لیکس پر احتجاج کے لیے تحریک انصاف کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں جاری ہیں۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں اس مرتبہ سولو فلائٹ نہیں ہو گی۔ ادھر پرویز الہی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو ملنے والی بددعائیں نوازشریف کو لگ رہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے مسلم لیگ ق کے رہنماؤں سے ظہور الہی روڈ لاہور پر ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پارٹی کی ہدایت پر ہم خیال جماعتوں سے رابطہ کر رہے ہیں، اس مرتبہ پاکستان تحریک انصاف سولو فلائٹ نہیں کرے گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کا لندن جانا کسی پلان کا حصہ نہیں، یہ پروگرام پانامہ لیکس سے پہلے کا طے تھا۔ مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس پر تمام جماعتیں ملکر ٹھوس لائحہ عمل طے کریں گی۔ انہوں نے شہباز شریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جس بھائی کی وجہ سے وہ اتنی مرتبہ وزیراعلیٰ بنے آج ان کے بیٹوں کے لیے ایک لفظ نہیں بولے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خراب حکمت عملی کے باعث بددعائیں تو شہباز شریف کو مل رہی ہیں لیکن شاید لگ نوازشریف کو رہی ہیں۔ دونوں جماعتوں کے قائدین نے پانامہ لیکس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے اس معاملہ پر کمیشن کے ساتھ ساتھ فرانزک آڈٹ کمپنیوں کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔