پاناما لیکس پر اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں کا حکومت کیخلاف اتحاد
اسلام آباد (92نیوز) ملک کی دو بڑی اپوزیشن جماعتیں متحد ہوگئیں۔ پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی ایک ساتھ پاناما لیکس کے معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھائیں گی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اسمبلی اجلاس سے پہلے اہم ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور پانامہ لیکس کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں کے درمیان قومی اسمبلی کے اجلاس سے پہلے اہم ملاقات طے پاگئی ہے۔
ملاقات میں اسمبلی میں معاملہ اٹھانے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور مشترکہ حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے رہنما سپیکر قومی اسمبلی کو معمول کا ایجنڈا موخر کرنے کی درخواست دیں گے۔