Saturday, July 27, 2024

پاناما لیکس : وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کیلئے آئینی درخواست دائر

پاناما لیکس : وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کیلئے آئینی درخواست دائر
April 7, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاناما لیکس انکشافات کے بعدوزیر اعظم نوازشریف کو نااہل قرار دینے کےلئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائرکردی گئی جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے غیرقانونی اثاثے قائم کرنے کے الزام میں وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف کارروائی کی درخواست پر فریقین کونوٹس جاری کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق پاناما پیپرز نے دنیا بھر کی طرح پاکستانی سیاست میں بھی ہلچل مچا رکھی ہے۔ ایک طرف اپوزیشن جماعتیں حکومت پر برس رہی ہیں تودوسری طرف معاملہ عدالتوں تک جا پہنچا ہے۔ پاناما لیکس انکشافات کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کےلئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست گزار کا مو¿قف ہے کہ وزیر اعظم نے قوم سے خطاب میں اقرار کیا کہ ان کی فیملی بیرون ملک بزنس اور اثاثے رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے پہلے یہ بات عوام سے چھپائے رکھی اس لئے وہ صادق اورامین نہیں رہے۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے غیر قانونی اثاثے قائم کرنے کے الزام میں وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف نیب میں کارروائی کی درخواست پر فریقین کونوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق پاناما لیکس کی رپورٹ سے ثابت ہو گیا ہے کہ وزیراعظم، ان کی اہلیہ، بیٹوں حسن اور حسین نواز اوربیٹی مریم نواز نے اپنے اثاثے چھپائے۔ اس لئے ان سب کو انتخابات کےلئے نااہل قرار دیاجائے اورنیب کو شفاف تحقیقات کا پابند بنایا جائے۔