Saturday, July 27, 2024

پاناما لیکس نے دنیابھر کے لیڈروں کے اثاثے ظاہر کر کے کھلبلی مچا دی

پاناما لیکس نے دنیابھر کے لیڈروں کے اثاثے ظاہر کر کے کھلبلی مچا دی
April 4, 2016
لاہور (92نیوز) پاناما لیکس نے دنیا بھر میں کھلبلی مچا دی۔ دنیا کے کئی بڑے لیڈر بھی دولت کے ڈھیر لگانے کے دلدادہ نکلے۔ وکی لیکس کے بعد پاناما لیکس۔ آخر یہ لیکس کس کمپنی سے نکلیں۔ تفصیلات کے مطابق موزیک فونیسکا یہ ہے ملک پاناما کی ایک لاءفرم جس کا دعویٰ ہے کہ اس کے بعد لاکھوں کی تعداد میں ایسی دستاویزات موجود ہیں جن سے عالمی لیڈروں‘ اداروں اور کمپنیوں کے بیرون ملک اثاثے چھپ نہیں سکتے۔ موزیک فونیسکا قانونی مشاورت فراہم کرتی ہے۔ مختلف اداروں اور شخصیات کا تخمینہ بھی لگاتی ہے۔ تنظیم کا مرکزی دفتر پاناما میں ہے لیکن اس کے دفاتر 42ممالک میں ہیں جبکہ 600کے قریب ملازمین بھی اس کمپنی سے منسلک ہیں۔ پاناما کی یہ لاءفرم دنیا کی چوتھی بڑی فرم ہے جو سمندر پار قانونی معاملات کے حوالے سے سروسز فراہم کرتی ہے۔ تقریباً تین لاکھ سے زائد کمپنیاں اس فرم میں رجسٹرڈ ہیں جبکہ برطانیہ کی کئی کمپنیاں بھی اسی فرم سے قانونی مشاورت لیتی ہیں۔ یوں اس فرم کے پاس تین لاکھ کے قریب اداروں، کمپنیوں، تنظیموں اور شخصیات کے اثاثوں، حساس معلومات اور دولت کے تخمینے کا خزانہ موجود ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق حالیہ لیک شدہ مواد دنیا کا سب سے بڑا شمار کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق حالیہ پاناما لیکس 2010ءمیں وکی لیکس اور 2013ءمیں ایڈورڈ سنوڈن لیکس سے بھی بڑی ہیں جس سے اس کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ موزیک فونیسکا حکام کے مطابق آف شور یعنی اپنی حدود سے باہر اثاثے رکھنا بعض اوقات غیر قانونی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ روس اور یوکرائن کے کئی سرکاری اثاثے ملک سے باہر ہیں جس کی وجہ جرائم پیشہ مافیا سے بچنا ہے تاہم ناقدین کے مطابق ایسا ٹیکس سے بچنے اور دولت کے ڈھیر عوام کی نظروں سے چرا کر باہر رکھنے کے لئے کیا جاتاہے۔