Saturday, July 27, 2024

پاناما : آف شور کمپنیاں بنانیوالی کمپنی کے دفتر پر چھاپہ‘ ورچوئل سرورز اور کمپیوٹر ضبط

پاناما : آف شور کمپنیاں بنانیوالی کمپنی کے دفتر پر چھاپہ‘ ورچوئل سرورز اور کمپیوٹر ضبط
April 14, 2016
پاناما سٹی (ویب ڈیسک) پاناما کے دارالحکومت پاناما سٹی میں حکام نے آف شور کمپنیاں بنانے اور چلانے کی ماہر لاءفرم موزیک فونسیکا کے دفاتر کی ستائیس گھنٹے تلاشی کے بعد سو سے زائد ورچوئل سرورز اورچند کمپیوٹر قبضے میں لے لئے۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت چھپانے اور محفوظ رکھنے کا کام کرنے والی لاءفرم موزیک فونسیکا بھی قانون کی زد میں آ گئی۔ پاناما کے اٹارنی جنرل نے موزیک فونسیکا کے دفتر پر چھاپہ مارا جہاں قانونی فرم کی مشکوک سرگرمیوں کے حوالے سے ریکارڈ کی چھان بیان کی گئی۔ فرم کے دفاتر میں ستائیس گھنٹے تک تلاشی اور شواہد کی تلاش کا عمل جاری رہا۔ طویل چھان بین کے بعد سو سے زائد ورچوئل سرور اور چند کمپیوٹر قبضے میں لے لئے گئے لیکن فوری طور پر ایسے شواہد دستیاب نہیں جن کی بنا پر کسی کو گرفتار کیا جائے۔ پاناما کے حکام نے واضح کیا کہ ابھی موزیک فونسیکا فرم کے اکاونٹس بھی منجمد نہیں کئے جا رہے۔ دوسری طرف موزیک فونسیکا فرم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی فرم انیس سو چالیس سے اس کاروبار میں ہے جس میں کچھ بھی غیرقانونی نہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ یہ تحقیقات جلد کسی نتیجے پر پہنچیں جس کےلئے مکمل تعاون کیا جائے گا۔