Tuesday, September 17, 2024

پالپا کے مطالبات مسترد ،پائلٹس کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہونگے : ایوی ایشن ڈویژن

پالپا کے مطالبات مسترد ،پائلٹس کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہونگے : ایوی ایشن ڈویژن
October 5, 2015
اسلام آباد(92نیوز)ایوی ایشن ڈویژن نے پالپا کے مطالبات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائلٹس کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہونگے  مطالبات تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ قومی مفاد میں کیا گیا۔ تفصیلا ت کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن اور پالپا کے درمیان دو روز تک جاری رہنے والے مذاکرات ناکام ہوگئے۔ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پالپا کی طرف سے پیش کیے گئے مطالبات پی آئی اے انتظامیہ کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔ پالپا کے مذاکرات میں رکھے گئے تین نکاتی مطالبے کے مطابق ڈائریکٹر فلائٹس آپریشنز کو فوری طور پر ہٹایا جائے ، پائلٹس کوجاری کئے گئے تمام تر نوٹسز واپس لئے جائیں اور پائلٹس کی سنیارٹی کو فکس کیا جائے،حکومت نے پالپا کے ان تینوں مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پالپا کے غیرلچک دار رویے کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے، اس عمل سے قومی ایئرلائن کو مالی نقصان بھی ہورہا ہے، پی آئی اے حج پروازیں جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ مشیر ہوابازی شجاعت عظیم نے کہا ہم پائلٹس کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہونگے، حکومت فلائٹس آپریشنز کو بحال رکھنے کے لئے ہر مکمن وسائل استعمال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پالپا سے مذاکرات کے لئے حکومت کے دروازے اب بھی کھلے ہیں۔