Tuesday, April 30, 2024

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان اور لیگی رہنما گتھم گتھا

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان اور لیگی رہنما گتھم گتھا
March 6, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان اور لیگی رہنما گتھم گتھا ہو گئے۔ شاہد خاقان عباسی اور مصدق ملک کو دھکے، ن لیگی رہنماؤں نے بھی لاتوں اور مکوں کا استعمال کیا۔ احسن اقبال اور مرتضیٰ جاوید عباسی کو جوتا پڑ گیا۔

قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کا بائیکاٹ کرنے والے ن لیگی رہنماؤں کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں سے ٹاکرا، نعرے بازی سے شروع ہونے والا معاملہ گالم گلوچ اور دھکم پیل تک جا پہنچا۔

پارلیمنٹ لاجز کے باہر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مصدق ملک، خرم دستگیر اور مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کے تیر برسائے۔

قیادت کے خلاف باتیں سن کر کھلاڑی بھی میدان میں آگئے اور ن لیگی قیادت کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔

ن لیگی رہنماؤں کو غصہ آیا تو، مصدق ملک نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو دھکے دینا شروع کردیئے، لاتیں اور مکے بھی رسید کرڈالے۔

پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پھینکا گیا جوتا احسن اقبال کے سر اور مرتضیٰ جاوید عباسی کے بازو پر جا لگا۔

ہنگامہ آرائی شروع ہونے پر پولیس نے انٹری دی، اور ن لیگی قیادت کو حصار میں لے لیا۔