پارلیمنٹ نے انہیں ایم کیو ایم کو منانے کا مشن سونپا ہے : فضل الرحمان
کراچی(92نیوز)جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ نے انہیں ایم کیو ایم کو منانے کا مشن سونپا ہے ، الطاف بھائی سے گفتگو کے بعد وہ پرامید ہیں کہ وہ اپنے مشن میں کامیاب ہوجائیں گے ۔
تفصیلات کےمطابق کراچی پہنچنے کے بعد قصر ناز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کے پیش نظر ملک اور سیاسی نظام کا استحکام ہے وہ ایم کیو ایم سے مذاکرات کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں ۔
مولانا کا کہنا تھا کہ الطاف حسین بھی کراچی آپریشن کے خلاف نہیں ان کے تحفظات دور ہونے چاہئیں ۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے کوئی پیشگی شرائط نہیں ہیں بات چیت کے تسلسل سے جو پیشرفت ہوگی اس سے پارلیمنٹ کو آگاہ کرونگا ۔