Wednesday, September 18, 2024

پارلیمانی پارٹی کا آج کوئی اجلاس نہیں ہو رہا، میاں محمودالرشید

پارلیمانی پارٹی کا آج کوئی اجلاس نہیں ہو رہا، میاں محمودالرشید
June 4, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کا تقرر آج بھی نہیں ہوسکے گا۔ ترجمان میاں محمودالرشید نے کہا پارلیمانی پارٹی کا آج کوئی اجلاس نہیں ہو رہا۔ ترجمان کےمطابق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اب بدھ کو پنجاب اسمبلی میں ہو گا۔ واضح رہے کمیٹی میں حکومتی جماعت کی طرف سے رانا ثنا اللہ ، ملک احمد خان  اور خواجہ عمران نذیر جبکہ اپوزیشن کی طرف سے محمود الرشید، سبطین خان ،اور شعیب صدیقی شامل ہیں۔ دوسری طرف میاں محمودالرشید نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے پروفیسر حسن عسکری اور ایاز امیر کے ناموں کی حتمی منظوری دی ہے جو اسپیکر پنجاب اسمبلی کو بھیج رہے ہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے مختلف ناموں کا اعلان کیا گیا ۔ مشاورت بھی ہوئی تاہم اتفاق رائے نہ ہو سکا۔ خیبرپختونخوا کےنگران وزیراعلیٰ کیلئے ریفرنس الیکشن کمیشن کو موصول ہو گیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اعجاز قریشی اور حمایت اللہ خان کے نام دیئے گئے ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے منظور آفریدی اور جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد کے نام الیکشن کمیشن کو فراہم کیے گئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن نگران وزیراعلیٰ کےنام کا اعلان دو دن میں کرے گا۔ دوسری طرف بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہو رہا ہے۔ اگر پارلیمانی کمیٹی بھی اس مسئلے کو حل نہ کرسکی تو پھر بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ کا تقررالیکشن کمیشن کرے گا۔