Saturday, September 21, 2024

پائلٹوں کی ہڑتال جاری !!! مسافروں نے خواری کے بعد پی آئی اے سے سفر کرنا چھوڑ دیا

پائلٹوں کی ہڑتال جاری !!! مسافروں نے خواری کے بعد پی آئی اے سے سفر کرنا چھوڑ دیا
October 7, 2015
اسلام آباد (92نیوز) پائلٹ ایسوسی ایشن ساتویں روز بھی ڈٹی رہی۔ آج بھی کئی پروازیں منسوخ ہونے سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا جبکہ پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ کے تنازع پر مسافر بھی روٹھ گئے۔ شیڈول پروازوں میں مسافر وں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ائرلائنز کے پائلٹس ڈٹ گئے۔ مطالبات سے دستبرداری سے صاف انکار کر دیا جس کے باعث آج بھی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے 373 منسوخ کر دی گئی۔ اسی طرح لاہورسے کراچی کی پرواز پی کے 313 ‘ لاہور مانچسٹر پرواز پی کے 709‘ لاہور ملتان پرواز پی کے 385 اور لاہور کراچی پرواز پی کے 381بھی اڑان نہ بھر سکیں۔ پی آئی اے کو ایک اور مشکل کا سامنابھی ہے۔ کچھ پائلٹ موجود مگر مسافر غائب ہیں۔ پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی جانے والی ایک پرواز میں پائلٹ تو حاضر تھے مگر مسافروں کی کمی کے باعث اسے بھی منسوخ کرنا پڑا۔ دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پائلٹس ایسوسی ایشن کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق حج آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔