Tuesday, September 17, 2024

پی آئی اے، پالپا تنازع جاری، پروازیں لیٹ، قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان

پی آئی اے، پالپا تنازع جاری، پروازیں لیٹ، قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان
October 4, 2015
کراچی (92نیوز) پی آئی اے اور پالپا تنازع 4 روز تک جاری رہنے کے بعد مذاکرات کی راہ پر گامزن ہو گیا۔ تنازع کے باعث 60 پروازیں منسوخ اور متعدد تاخیر کا شکار ہوئیں۔ 6 ہزار سے زائد مسافر پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ قومی ائیرلائن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہاہے۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اور پالپا تنازع چوتھے روز میں داخل ہو چکا ہے۔ 2 پائلٹس کے لائسنس منسوخ ہوئے تو پالپا نے شیڈول فلائٹس کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ یکم اکتوبر کو پی آئی اے کے ساتھ ورکنگ معاہدہ ختم ہو چکا ہے لہذا اب اضافی ڈیوٹیاں نہیں کریں گے جس کے بعد قومی ائرلائن بدترین بحران کا شکار ہوئی اور یومیہ بنیادوں پر پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ 4 روز کے دوران ملکی وغیرملکی 60 پروازیں منسوخ اور درجنوں 2 سے6 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر سے بری طرح متاثر ہوئے قومی ائرلائن کے مسافر۔ ساڑھے6 ہزار مسافرائیر پورٹس پر رلتے رہے لیکن کوئی پرسان حال نظر نہیں آیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مسافروں نے ٹکٹ واپس کرنا شروع کر دیے اور نجی ائیرلائنز کا رخ کرنے لگے۔ تنازع کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا اور نجی ائرلائنز کی چاندنی ہو گئی۔ اتنا سب کچھ ہو گیا لیکن پی آئی اے انتظامیہ اور متعلقہ حکام خواب خرگوش کے مزے اڑاتے رہے اور کسی کو بھی قومی خزانے کے نقصان یا ادارے کی ساکھ متاثر ہونے کا کوئی خیال نہیں آیا۔ چوتھے روز پی آئی اے پالپا تنازعہ مزاکرات کی راہ پرگامزن ہو گیا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ معاملے کا کوئی نہ کوئی حل نکل آئےگا۔