Saturday, July 27, 2024

پائلٹس کے ایک گروپ کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان‘ آج بریک تھرو کا امکان

پائلٹس کے ایک گروپ کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان‘ آج بریک تھرو کا امکان
February 6, 2016
کراچی (92نیوز) پائلٹس کی تنظیم پالپا نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فضائی آپریشن بحال کرنے کیلئے ایک دن کی ڈیڈلائن دے دی جبکہ حکومت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے آج ہونے والے مذاکرات میں بریک تھرو کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مذکرات کا دوسرا دور آج دوپہر ہو گا اور امکانات ہیں کہ فلائٹ آپریشن آج شام تک بحال کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب پائلٹس کے ایک گروپ نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ پالپا کے صدر عامر ہاشمی کا کہنا ہے کہ پالپا خود مختار تنظیم ہے، کسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ سوگ کے تین دن بعد آپریشن کے لئے تیار ہیں، جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پائلٹس کی تنظیم پالپا نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فضائی آپریشن بحال کرنے کیلئے ایک دن کی ڈیڈلائن دیدی جبکہ حکومت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے آج ہونے والے مذاکرات میں بریک تھرو کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پائلٹس کی تنظیم پالپا کے صدر عامر ہاشمی کا کہنا ہے کہ احتجاج اور فلائٹ آپریشن کی بندش سے پی آئی اے کو اربوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ادارہ مزید نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فلائٹ آپریشن کی بحالی کیلئے چوبیس گھنٹوں کا وقت دیا ہے جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کریں گے۔ عامرہاشمی کا کہنا تھاکہ ہمیں قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں فرائض نبھانامشکل ہوتا جا رہا ہے‘ حکومت سکیورٹی فراہم کرے تو فلائٹ آپریشن بحال کرنے کو تیار ہیں۔ دوسری جانب حکومت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج ہو گا جس میں بریک تھرو کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے گمشدہ ملازمین کی بازیابی اور معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس پرفلائٹ آپریشن بحال ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔