پائلٹس کی ہٹ دھرمی چھٹے روز بھی برقرار !!! پروازیں منسوخ‘ قومی ائیر لائنز کو کروڑوں کا نقصان
کراچی (92نیوز) پی آئی اے انتظامیہ اور پائلٹس کی نمائندہ تنظیم پالپا کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا ہو گیا ہے اور اس سلسلے میں آج دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔ پائلٹس کی ہٹ دھرمی کو چھٹا روز ہو گیا ہے جس کے باعث پروازیں مسلسل منسوخ ہو رہی ہے۔ اس ساری صورتحال سے پی آئی اے کو کروڑوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب ایوی ایشن ڈویژن نے پالپا کے مطالبات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائلٹس کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہونگے۔ مطالبات تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ قومی مفاد میں کیا گیا ہے۔ ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پالپا کی طرف سے پیش کیے گئے مطالبات پی آئی اے انتظامیہ کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔
پالپا کے مذکرات میں رکھے گئے تین نکاتی مطالبے کے مطابق ڈائریکٹر فلائٹس آپریشنز کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ پائلٹس کوجاری کئے گئے تمام تر نوٹسز واپس لئے جائیں اور پائلٹس کی سنیارٹی کو فکس کیا جائے۔
حکومت نے پالپا کے ان تینوں مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پالپا کے غیرلچکدار رویے کی وجہ سے مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔ مشیر ہوابازی شجاعت عظیم نے کہا ہم پائلٹس کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے، حکومت فلائٹس آپریشنز کو بحال رکھنے کے لئے ہر مکمن وسائل استعمال کرے گی۔