ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ سولہ مارچ کو کھیلے گی

لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ سولہ مارچ کو کھیلے گی۔ روایتی حریف بھارت کے خلاف معرکہ کولکتہ میں انیس مارچ کو ہو گا۔
شارٹ فارمیٹ کے بڑے مقابلے بھارت کے مختلف شہروں میں جاری ہیں۔ عالمی نمبر سات پاکستانی ٹیم کو بھی ایونٹ میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی ہے۔ قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ سولہ مارچ کو گروپ اے کی کوالیفائر ٹیم کے خلاف کھیلے گی جو ممکنہ طور پر بنگلہ دیش ہو گی۔ یہ میچ ایڈن گارڈن کولکتہ میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر دو بجکر 30منٹ پر شروع ہو گا۔
انیس مارچ کو ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ ہو گا اور مدِمقابل ہوں گی پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں۔ میچ کولکتہ میں ہی ہو گا لیکن میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہو گا۔ پاکستان تیسرا پول میچ بائیس مارچ کو عالمی نمبر چار نیوزی لینڈ کے خلاف موہالی میں کھیلے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہو گا۔
سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کیلئے پاکستان آخری پول میچ میں آسٹریلیا کے مدِمقابل ہو گا۔ موہالی میں ہونے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن اڑھائی بجے شروع ہو گا۔