Friday, September 20, 2024

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستانی بلے بازوں کی ناقص بیٹنگ باعث تشویش

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستانی بلے بازوں کی ناقص بیٹنگ باعث تشویش
September 30, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان نے زمبابوے سے ٹی ٹونٹی سیریز تو جیت لی لیکن شاہینوں کی بلے بازی کا پول ایک بار پھر کھل گیا۔ تفصیلات کے مطابق زمبابوے کو پہلے میچ میں شکست دینے کے بعد گرین شرٹس کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پہلا میچ باولرز نے جتوایا، دوسرا بیٹنگ سے جیتیں گے۔ دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے بوم بوم آفریدی نے ایک سو ساٹھ سے ایک سو ستر رنز کے درمیان ہدف دینے کی امید ظاہر کی۔ شائقین پاکستانی شاہینوں سے اس میچ میں دھواں دھار بیٹنگ کی توقع کر رہے تھے لیکن ہوا کیا۔ احمد شہزاد نے سب سے پہلے آو¿ٹ ہونے کی روایت برقرار رکھی جبکہ محمد حفیظ ان کے پیچھے پیچھے چلتے بنے۔ شعیب ملک بھی واپس جانے کی جلدی میں نظر آئے اور ان کے پیروی میں صہیب مقصود نے بھی پویلین کی راہ لی۔ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی اپنی روایتی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے تاہم عمر اکمل نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اننگز کے خاتمے تک وکٹ پر قیام کیا۔ کپتان شاہد آفریدی نے پہلے میچ کی طرح دوسرے میں بھی دو رنز بنانے پر ہی اکتفا کیا تاہم عماد وسیم نے اننگز کے آخر تک عمر اکمل کا ساتھ دیا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی بلے بازوں کی ایسی کارکردگی نے کرکٹ شائقین کے لیے تشویش کا باعث ہے۔