Tuesday, October 4, 2022

ٹی او آرز کی تیاری ڈیڈ لاک کا شکار‘ پارلیمانی کمیٹی کا چوتھا اجلاس بھی بلانتیجہ ختم

ٹی او آرز کی تیاری ڈیڈ لاک کا شکار‘ پارلیمانی کمیٹی کا چوتھا اجلاس بھی بلانتیجہ ختم
اسلام آباد (92نیوز) پاناما لیکس کے معاملے کی تحقیقات کیلئے ٹی او آر کی تیاری ڈیڈ لاک کا شکار ہو گئی۔ چوتھا اجلاس بھی بے نتیجہ رہا۔ حکومت اور اپوزیشن نے ایک دوسرے کی بات نہ مانی، کوئی بات آ گے نہ بڑھی تو آئندہ اجلاس کیلئے ہفتے کا دن مقررکردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹی او آرز کمیٹی کے ارکان مل بیٹھے۔ وزیراعظم نواز شریف کے لیے دعا کی۔ تھوڑی گپ شپ ماری اور پھر اکرم درانی نے کچھ مہلت کی عرضی پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار کافی مصروف ہیں، معاملہ کچھ روز ٹال دیا جائے۔ تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ مشاورت نہ ہوئی تو معاملہ آئندہ ہفتے تک چلا جائے گا۔ انہوں نے حکومتی وزرا کے اشتعال انگیز بیانات پرخوب سنائیں۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ گزشتہ نشست میں طے ہوا تھا کہ حکومت اپوزیشن کے 15نکات کا جواب دے گی مگر ایسا نہیں ہوا۔ محسوس ہوتا ہے کہ حکومت مفلوج ہو چکی۔ ڈیڈ لاک بھی اسی طرح موجود ہے۔ اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی کارروائی چیونٹی کی رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے، حکومت تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ یہی رفتار رہی تو مہینوں لگ سکتے ہیں۔ حکومت کو اپوزیشن کے ٹی او آرز قبول نہیں تو ان کا متبادل تو پیش کریں۔ کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کے روز ہو گا۔