ٹیکس کے پیسے پر بیرون ملک کسی کو علاج کیلئے نہیں بھجوائیں گے ، وزیراعظم
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ٹیکس کے پیسے پر بیرون ملک کسی کو علاج کیلئے نہیں بھجوائیں گے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں کپتان نے کہا کہ حکمرانوں کو قوم کا اعتماد حاصل ہو گا تو ٹیکس دینے کی شرح بڑھے گی۔ ٹیکس دینے والوں کو وقار دینا ہو گا۔ ایف بی آر میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ ٹیکس کا نظام ٹھیک ہوتے ہی ملک کی حالت بدلنے کی نوید بھی سنا دی۔
وزیراعظم نے کہا پیسے والوں کو ٹیکس دینا ہو گا۔ ارب پتی لوگ بھی قوم کے پیسے پر عیاشی کرنا چاہتے ہیں۔ فیصلہ کرلیا کہ ٹیکس کے پیسوں پر کوئی عیاشی نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا 21 کروڑ عوام کا بوجھ 17 لاکھ افراد نہیں اٹھا سکتے۔
وزیراعظم نے ماضی کے حکمرانوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ماضی کے مائنڈ سیٹ نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا، زیادہ ٹیکس دینے والے وی وی آئی پیز ہیں، ان کو عزت دینا ہو گی۔
تقریب سے خطاب میں وزیر خزانہ اسد عمر بولے چوری کرنے والوں کو نہ صرف ڈاکو بلکہ مسٹر ڈاکو کہا جائے گا۔ پاکستان کا پیسہ لندن میں جائیداد اور دبئی میں محل بنانے میں استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی حکومت پر اعتماد کرنا شروع کر دیا ہے۔ دنیا کو نظر آرہا ہے کہ پاکستان میں تبدیلی آرہی ہے۔ ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے نظام میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔