Saturday, July 27, 2024

ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں 31 مارچ تک توسیع‘ 40ارب کا کالا دھن سفید

ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں 31 مارچ تک توسیع‘ 40ارب کا کالا دھن سفید
March 15, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی حکومت نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی مدت میں اکتیس مارچ تک توسیع کر دی۔ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے بھی ساتویں مرتبہ مہلت دے دی گئی۔ تاجروں نے ڈیڑھ ماہ میں 40 ارب روپے کا کالا دھن سفید کرا لیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی مدت میں ایک مرتبہ پھر 31 مارچ تک توسیع کر دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور تاجروں کی اسلام آباد میں ہونیوالی ملاقات کے دوران تاجروں کی درخواست پر کیا گیا تاہم بینکاری لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح صفر اعشاریہ چار فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موجودہ ٹیکس گزار 21 مارچ تک اپنے گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں جب کہ صرف ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 مارچ ہوگی۔ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت ملک بھر سے صرف چار ہزار تاجروں نے اپنے ٹیکس ریٹرن جمع کرائے ہیں جب کہ اس سکیم کے تحت 40 ارب روپے کا کالا دھن سفید کرا لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آرنے ریٹرن فائل نہ کرنےوالے تاجروں کے خلاف کارروائی پر غور شروع کردیا ہے۔ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے خلاف پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی میں اس اہم مسئلے پر بحث کے لئے توجہ دلاو نوٹس جمع کرادیا ہے۔