Friday, July 26, 2024

ٹینس کی نئی درجہ بندی: رافیل نڈال کیریئر کی بدترین دسویں پوزیشن پر، ماریہ شراپوا کی بھی تنزلی

ٹینس کی نئی درجہ بندی: رافیل نڈال کیریئر کی بدترین دسویں پوزیشن پر، ماریہ شراپوا کی بھی تنزلی
June 9, 2015
پیرس (ویب ڈیسک) سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن کے بعد ٹینس کی نئی درجہ بندی جاری ہو گئی۔ کوارٹر فائنل سے آوٹ ہونے والے رافیل نڈال دس سال میں کیرئیر کی بدترین پوزیشن پر چلے گئے۔ فرنچ اوپن کا سب سے زیادہ فائدہ تو چیمپئن سٹانسلاس وارنکا کو ہی ہوا جنہوں نے ٹرافی اٹھائی، بھاری رقم جیب میں ڈالی اور رینکنگ میں بھی پانچ درجے کی لمبی چھلانگ لگا کر نویں سے چوتھی پوزیشن حاصل کر لی تاہم ٹورنامنٹ چودہ گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح رافیل نڈال کےلئے سب سے زیادہ نقصان کا باعث ثابت ہوا جو پہلے تو کوارٹر فائنل مرحلے سے آوٹ ہوئے، پھر درجہ بندی میں بھی تین پوزیشنز کے خسارے کے ساتھ دو ہزار پانچ کے بعد پہلی بار دسویں پوزیشن پر چلے گئے۔ فائنل میں شکست اور ٹائٹل سے محرومی کے باوجود جوکووچ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ راجر فیڈرر اور اینڈی مرے بھی اپنی دوسری اور تیسری پوزیشنز پر موجود ہیں۔ خواتین میں نمبر ون سرینا ولیمز نے ٹائٹل جیت کر رینکنگ میں برتری مزید مستحکم کر لی ہے جبکہ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کوویٹوا دو درجے ترقی کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔ رومانیہ کی سمونا ہالپ کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔ گھاٹے میں رہنے والی خاتون کھلاڑی روس کی گولڈن گرل ماریا شراپوا ہیں جو دو درجے تنزلی کے ساتھ دوسری سے چوتھی پوزیشن پر چلی گئی ہیں۔