Friday, January 27, 2023

ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کل انگلینڈ پہنچے گی

ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کل انگلینڈ پہنچے گی
لاہور (92 نیوز) ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم 28 جون (کل) کو انگلینڈ پہنچے گی۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورے کی تصدیق کردی تاہم کورونا پازٹیو کھلاڑیوں کو انگلینڈ آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈکے دورہ انگلینڈ کی باقاعدہ تصدیق کردی، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ اورتین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے 28 جون کو انگلینڈ پہنچے گی۔ پاکستانی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔ کورونا پازٹیوکھلاڑیوں کو انگلینڈآنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پاکستانی ٹیم انگلینڈ پہنچ کر ’’ورسسٹر‘‘ میں چودہ دن قرنطینہ کرے گی ،پہلے ٹیسٹ سے قبل 13جولائی کوڈربی شائر کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس کا آغاز کرے گی، پاکستانی ٹیم دو چار روزہ انٹرنل وارم اپ پریکٹس میچز میں حصہ لے گی اعلامیہ کے مطابق تمام میچز تماشائیوں سے خالی بند اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے ۔ پاک انگلینڈ ٹیسٹ اورٹی ٹوئنٹی سیریز کے حتمی شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ادھر لاہور کے ایک ہوٹل میں موجود قومی کرکٹرز کا تیسرا روز بھی مصروف گزرا،انہیں اینٹی کرپشن ، اینٹی ڈوپنگ اور سوشل میڈیا کے استعمال پر لیکچرز دئیے گئے۔