Thursday, September 19, 2024

ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم ، بنی گالہ کے باہر کھلاڑیوں کا کپتان کیخلاف احتجاج

ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم ، بنی گالہ کے باہر کھلاڑیوں کا کپتان کیخلاف احتجاج
June 9, 2018
اسلام آبا د( 92 نیوز ) عام انتخابات 2018 کےلیے پارٹی ٹکٹوں کی مبینہ غیرمنصفانہ تقسیم کے معاملے پر  بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر تحریک انصاف کے درجنوں کارکنان جمع  ہوئے اور شدید نعرے بازی کی ۔ بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر مختلف قومی اور صوبائی حلقوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ  کیا، مظاہرین نے عمران خان کی رہائش گاہ کی جانب مارچ کیا  ، پولیس کے راستہ روکنے پر کارکنان سے تکرار بھی ہوئی ۔ کارکنان کا کہنا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں پر ٹکٹ ان لوگوں کو دیئے گئے جو حالیہ مہینوں میں تحریک انصاف میں شامل ہوئے جبکہ دیرینہ کارکنان کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا۔ کرنل (ر) اجمل صابر راجہ این اے 59 پر ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے احتجاج کرنے بنی گالہ پہنچے  ، ان کا کہنا تھا اس سیٹ پر غلام سرور خان کو ٹکٹ دینے سے پی ٹی آئی کی پوزیشن کمزور ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے موقع پر پہنچ کر کرنل (ر) اجمل کے ٹکٹ کے معاملے پر عمران خان سے بات کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ کرنل (ر) اجمل کے کارکنان نے ندیم افضل چن کی گاڑی کو آگے جانے سے روک لیا  ، ندیم افضل چن کو مجبوراً گاڑی سے اتر کر پیدل آگے جانا پڑا  ۔