Saturday, July 27, 2024

ٹریفک پولیس نے مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے 10خصوصی ناکے قائم کر دیے ہیں:سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ

ٹریفک پولیس نے مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے 10خصوصی ناکے قائم کر دیے ہیں:سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ
May 18, 2015
لاہور(92نیوز)چیف ٹریفک پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ ٹریفک پفولیس نے مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے 10خصوصی ناکے قائم کردیے ہیں ،وارڈنز شہریوں سے اپنا رویہ شائستہ رکھیں،تاہم مشکوک گاڑیاں اور مشکوک افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی اور امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر شہر کے داخلی وخارجی راستوں سمیت 10مقامات پر ناکے لگا کرمشکوک، کالے شیشے،بغیررجسٹریشن ،غیر نمونہ،بغیر نمبرپلیٹ ،اور گرین نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوکر نیاز بیگ،غازی روڈ ،گلاب دیوی ،لبرٹی ،اچھرہ،نیازی شہید چوک،کوآپ سٹور،گورنر ہاؤس،گڑھی شاہو اور استنبول چوک پر ٹریفک پولیس کے خصوصی ناکے لگائے گئے ہیں۔ 2ایس پیزکی نگرانی میں ڈی ایس پیز اور انچارج سیکٹرزپٹرولنگ کرتے ہوئے سپیشل ناکوں کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ طیب حفیظ چیمہ نے تمام انچارج سیکٹرز اور وارڈنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں،شہریوں سے اپنا رویہ شائستہ رکھیں تاہم مشکوک گاڑیوں اور مشکوک افراد ہرگز کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔ سی ٹی او نے کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں ۔شہری کسی بھی تجویز یا معلومات کیلئے سٹی ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔