ٹریزا مے باضابطہ طور پر ٹوری پارٹی لیڈر کے عہدے سے الگ ہو گئیں

لندن (92 نیوز) برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے باضابطہ طور پر ٹوری پارٹی لیڈر کے عہدے سے الگ ہوگئیں تاہم وہ نئے لیڈر کے انتخاب تک وزیر اعظم رہیں گی۔
برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے چوبیس مئی کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے بریگزٹ ڈیل پر پارلیمنٹ کو قائل کرنے میں ناکامی کے بعد یہ اعلان کیا تھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق حکمران پارٹی کے نئے لیڈر کے چناؤ میں ایک ماہ لگ سکتا ہے۔ اس دوران ٹریزا مے بطور قائم مقام وزیر اعظم خدمات سرانجام دیتی رہیں گی۔
وزارت عظمٰی کی دوڑ میں کئی نامی گرامی سیاستدانوں کے نام بھی سامنے آگئے ہیں ، جن میں کنزرویٹیو پارٹی کے رکن اور وزیر داخلہ ساجد جاوید ، بورس جانسن، ایستھر میک وی، روری سٹیورٹ اور جیرمی ہنٹ شامل ہیں۔