Saturday, July 27, 2024

ٹرمپ کی میکسیکو پرفوج کشی کی دھمکی کا انکشاف

ٹرمپ کی میکسیکو پرفوج کشی کی دھمکی کا انکشاف
February 2, 2017

نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈٖونلڈ ٹرمپ کی جانب سے میکسیکو کو فوج کشی کی دھمکی کا انکشاف۔۔ ٹرمپ کہتے ہیں میکسیکو نے برے لوگوں کو امریکہ داخل ہونے سے نہ روکا توامریکی فوج انہیں میکسیکو میں گھس کرمارے گی۔ ٹرمپ نےٹویٹس حملوں میں ایران اور آسٹریلیا کو بھی کھری کھری سنا دیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک طرف تو میکسیکو کی سرحد پر متنازعہ دیوار تعمیرکرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تو دوسری طرف اپنے منصب کے منافی انتہائی غیر اخلاقی اقدام اٹھاتے ہوئے اپنے ہمسائے میکسیکو کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے ڈالیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے اپنے میکسین ہم منصب انرقی پینانٹو کو فون کا ل کرتے ہوئے ٹرمپ نے دھمکی دی کہ اگر میکسیکو کی فوج سرحد سے برے لوگوں کا امریکہ میں داخلہ روکنے کے قابل نہیں تو امریکہ کا حق ہے کہ وہ اپنی فوج میکسیکو میں بھیج کر ان برے لوگوں کا خاتمہ کردے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میکسیکو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکاہے۔

امریکی صدر کے مخالفین پر ٹویٹس حملے بھی جاری ہیں۔ ٹرمپ کاکہنا تھا کہ امریکہ نے عراق میں تین کھرب ڈالر خرچ کرڈالے ہیں لیکن بدلے میں اسے کچھ بھی نہیں ملا۔ دوسری جانب ایران عراق سے بہت سے فوائد حاصل کرتا جارہا ہے۔ ٹرمپ نےسابق صدر اوباما کی جانب سے آسٹریلوی غیر قانونی تارکین وطن کو امریکہ آنے کی اجازت دینے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے معاہدے کو احمقانہ قراردیتے ہوئے اس پر نظر ثانی کا اعلان کیا ہے۔