Saturday, July 27, 2024

ٹرمپ انتظامیہ کی نئی افغان پالیسی ناکام، طالبان کا اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے، رپورٹ

ٹرمپ انتظامیہ کی نئی افغان پالیسی ناکام، طالبان کا اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے، رپورٹ
January 31, 2018

لندن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی افغانستان سے متعلق نئی حکمت عملی بری طرح ناکام ہوگئ۔ افغانستان کی تعمیر نو سے متعلق ادارے سی آئی جی اے آر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ زیادہ تر علاقوں میں طالبان کا اثر و سوخ ہے۔ امریکی امداد کے باوجود افیون کی پیداوار میں ستاسی فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ٹرمپ انتظامیہ کی نئی افغان پالیسی نے شورش زدہ ملک کو مزید جنگ کی آگ میں جھونک دیا ہے۔ افغانستان کی تعمیرنو سے متعلق ادارے سی آئی جے اے آر کے انسپکٹر جنرل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق امریکی امداد کے باوجود افغانستان کی صورتحال انتہائی مایوسن کن رہی۔ امریکی فوج کی کارروائیوں کے باوجود افغان حکومت کا زیادہ تر علاقوں میں اثر و رسوخ کم جبکہ طالبان کا بڑھا ہے۔  

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال صرف اکتوبر میں امریکی فورسز نے دشمن کے ٹھکانوں پر چھ سو تریپن بم گرائے۔ یہ دو ہزار بارہ کے بعد کسی ایک مہینے میں مہلک بم گرانے کا ایک ریکارڈ ہے۔

افغانستان میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال گیارہ امریکی فوجی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں دو گنا زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا نے منشیات پر کنٹرول کیلئے آٹھ ارب ستر کروڑ ڈالر امداد دی لیکن اس کے باوجود گزشتہ سال افیون کی پیداوار میں ستاسی فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق پچھلے سال افغانستان میں صحافیوں کے خلاف تشدد کے 167 واقعات ریکارڈ ہوئے۔ گزشتہ چند روز میں دارالحکومت کابل میں تشدد کے بدترین واقعات دیکھنے میں آئے۔ ان تین حملوں میں سوا سو سے زیادہ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔