Thursday, September 19, 2024

ٹرانسپورٹ کرائے کم نہ ہوئے‘ بس مافیا ڈٹ گیا‘ لڑائی جھگڑے معمول بن گئے

ٹرانسپورٹ کرائے کم نہ ہوئے‘ بس مافیا ڈٹ گیا‘ لڑائی جھگڑے معمول بن گئے
March 7, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے ناموں کے اجراءکا معاملہ تنازع کا شکار ہے۔ سیکرٹری آر ٹی اے اور آئی ٹی اے نے دو مارچ کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے ناموں کے اجراءکا معاملہ متنازع ہو گیا۔ سیکرٹری آر ٹی اے اور آئی ٹی اے نے 2 مارچ کا جاری کردہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والے ملازمت پیشہ افراد، طلباءو طا لبات اور ٹرانسپورٹ عملہ کے مابین کرایوں پر بحث معمول بن چکی ہے۔ راولپنڈی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی طرف سے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن 2 مارچ کو جاری کیا گیا جس پر ٹرانسپورٹروں نے احتجاج شروع کر دیا تاہم اس کرائے نامہ میں اندرون شہر اور جڑواں شہروں کے مابین چلنے والی گاڑیوں کے کرائے میں کم از کم ایک سے دو روپے اور حد کرائے میں صرف چار روپے کی کمی کی گئی تھی جو کہ ناکافی تھی لیکن اس کے باوجود ٹرانسپورٹروں کے احتجاج پر ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ ضلعی انتظامیہ کا موقف ہے کہ کرائے نامے میں ایک دو غلطیوں کی ٹرانسپورٹرز نے نشاندہی کی ہے اور ان غلطیوں کو دور کرنے کیلئے یہ نوٹیفکیشن واپس لیا گیا ہے تاہم بہت جلد نیا کرایہ نامہ جاری کر دیا جائے گا۔