ٹرانسفارمرز سیریز کی مزید چار فلمیں بنانے پر کام جاری
کانز (ویب ڈیسک) ٹرانسفارمرز فلموں کے شوقین افراد کیلئے خوشخبری ہے کہ انہیں آئندہ برسوں میں مزید چار فلمیں دیکھنے کو ملیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ہیسبرو سٹوڈیوز کے صدر سٹیون ڈیوس نے کہا ہے کہ آئندہ دس برسوں میں ٹرانسفارمرز کی کم از کم چار مزید فلمیں بنائی جائیں گی۔
فرانس میں ایک کنونشن سے خطاب میں سٹیون ڈیوس کا کہنا تھا کہ ٹرانسفارمرز سیریز کے آئندہ دس برسوں کیلئے سکرپٹ رائٹرز نے لائحہ عمل ترتیب دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمرز فائیو تیاری کے مراحل میں ہے اور اس کے بعد ٹرانسفارمرز سکس، سیون اور ایٹ بھی آئیں گی۔
واضح رہے کہ 2007ءمیں جب اس سلسلے کی پہلی فلم ریلیز ہوئی تو اس نے مالی طور پر مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے تھے۔
اس سلسلے کی چوتھی فلم ٹرانسفارمرز ایج آف ایکس ٹینکشن گزشتہ برس ریلیز ہوئی تھی جس نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا بزنس کیا۔