Thursday, September 28, 2023

وینٹی لیٹرز کی خرابی کے باعث گنگا رام اسپتال میں روزانہ 3سے 4ننھے پھول مرجھانے لگے

وینٹی لیٹرز کی خرابی کے باعث گنگا رام اسپتال میں روزانہ 3سے 4ننھے پھول مرجھانے لگے
December 26, 2015
لاہور(92نیوز)گنگارام کی نرسری میں گزشتہ پندرہ دنوں سے وینٹی لیٹرخراب ہونے کے باعث روزانہ تین سے چار ننھے پھول مرجھا جاتے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق لاہور گنگارام ہسپتال کی نرسری میں موجود چاروں وینٹی لیٹرز خراب ہونے کے باعث والدین کو نہ صرف شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ ان کے بچے ان کی آنکھوں کے سامنے تڑپ تڑپ کر جان دے دیتے ہیں بچوں کومصنوعی سانس دینے کے لیے ایمو بیگ استعمال کیا جارہا ہے تاہم وینٹی لیٹر اور انکیوبیٹرز کی عدم دستیابی کی وجہ سے گزشتہ پندرہ روز کے دوران پچاس کے قریب بچے دم توڑنے سے ماؤں کی گودیں اجڑ چکی ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اتنے بچوں کی ہلاکتوں کے باوجود ارباب اختیار کی بے حسی میں کوئی فرق نہیں پڑا۔ عملے کے مطابق انتظامیہ کو متعدد بار آگاہ کیا جا چکا ہے تاہم مسائل جوں کے توں برقرار ہیں ایم ایس کی تبدیلی اور نئے ایم ایس کی تعیناتی کے باوجود جان بچانے والے آلات فراہم نہیں کیے جا سکے۔ عملے کا کہنا ہے کہ پہلے ہی اسپتال میں وینٹی لیٹرز کی شدید قلت ہے اور اس پر موجود وینٹی لیٹرزکا خراب ہو جانا مزید پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔